سرگئی لیوروف کا دورہ پاکستان روس کیساتھ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو نیا رخ دینے کاعکاس ہے شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاکہناہے کہ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لیوروف آج پاکستان آرہے ہیں،یہ کسی بھی روسی وزیر خارجہ کا 9 سال بعد پاکستان کا دورہ ہے ،یہ دورہ روس کے ساتھ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو نیا رخ دینے کا عکاس ہے ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہاہے کہ روس کے وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہو گی ،روسی وزیر خارجہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ روسی وزیر خارجہ سے دوطرفہ تجارت کے فروغ پر بات چیت ہو گی ، آٹا بحران میں روس نے ہمیں گندم فراہم کی ،پاکستان اور روس ملکر افغان امن عمل میں کردار ادا کررہے ہیں ۔
ان کاکہناتھا کہ ہمارے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آرہی ہے ،ہم ایک دوسرے کے ساتھ خطے میں تعاون کا ارادہ رکھتے ہیں ،ہم دیکھ رہے ہیں ہمارے معاشی دفاعی تعلقات کیسے آگے بڑھ رہے ہیں ،نارتھ ساﺅتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو ہم دونوں آگے بڑھاناچاہتے ہیں ،اس بات سے کسی کواختلاف نہیں کہ روس خطے کاانتہائی اہم ملک ہے ۔